چنتامنی:14 /مارچ(محمد اسلم/ایس او نیوز) ہندوستان کے شہر شہر اور دیہاتوں میں تعلیم عام ہورہی ہے ، مگر ایسا لگتا ہے کہ مسلمان ابھی بھی تعلیم کے میدان میں کافی پچھڑے ہوئے ہیں۔ آج بھی کچھ گھرانوں میں پرانے، گھٹیا اور غیر اسلامی رسم و رواج پائے جارہے ہیں، یہی وجہ ہے کہ جہینز کے نام پر دلہنوں کو جلا کر مارڈالنے والی رسم آج بھی زندہ ہے۔ تازہ اطلاع چنتامنی تعلقہ کے چنسندرہ گائوں سے موصول ہوئی ہے جہاں ایک نوبیاہتا خاتون شوہر اور ساس کا ظلم سہتے سہتے جہینز کی بھینٹ چڑھ گئی ہے۔
پولس ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق مرنے والی خاتون کی شناخت اسماء بانو(22) کی حیثیت سے کی گئی ہے جس کا تعلق بنگلور مضافاتی علاقہ دیون ہلی تعلقہ کے وجیاپور سے ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس کی شادی 28 جولائی 2016 کو چنسندرہ کے ساکن عبدالقادر ابن ریاض (30) سے ہوئی تھی۔ بتایا گیا ہے کہ شادی کے موقع پر سسرال والوں نے داماد قادر کو جوڑا ، جہینز وغیرہ دے کر دھوم دھام سے شادی کرائی تھی اور شادی کے بعد میاں بیوی دونوں چنسندرہ گاؤں میں ہی زندگی بسر کررہے تھے، مگر مبینہ طور پر شادی کے تقریبا ایک دو ماہ کے بعد شوہر اور ساس دونوں اسماء بانو کو جہیز کے لئے مجبور کرنے لگے، اُس سے کہا جانے لگا کہ تمہاری ماں کے گھر جاکر 3لاکھ روپئے لیکر آؤ نیا گھر تعمیر کرنا ہے پھر اسماء بانو اپنی ماں کے گھر جاکر 25ہزار روپئے لائی اور رقم شوہراور ساس کے حوالے کر دی ،مگر مزید رقم لانے کے لئے شوہراور ساس دونوں نے اسماء بانو کو تنگ کرنا شروع کردیا۔ مبینہ طور پر اسماء بانو کو سسرال والوں نے اس بات کی بھی دھمکی دے رکھی تھی کہ اگر مزید پیسے لاکر نہیں دئے تو اُسے جان سے مار کر قادر کی دوسری شادی رچائی جائے گی۔
اس درمیان کل پیر کی دوپہر کو اس بات کی اطلاع ملی کہ اسماء بانو کو کیروسین تیل چھڑک کر موت کے گھاٹ اُتارا گیا ہے۔ پولس نے بتایا کہ تھانہ میں درج شکایت کے مطابق اسماء بانو کے شوہر قادر اور ساس ملکہ نے مل کر بہو اسماء بانو پرکروسین تیل چھڑک کر اُسے موت کے گھاٹ اتاراہے۔
اطلاع ملتے ہی مقامی لوگوں نے جلی ہوئی اسماء بانو کو چنتامنی سرکاری اسپتال پہنچایا جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد اسماء بانو کی نعش ان کے وارثین کے حوالے کردی گئی ہے۔ چنتامنی مضافاتی پولس نے شوہر قادر اور ساس ملکہ کے خلاف معاملہ درج کرتے ہوئے تحقیقات شروع کردی ہے، البتہ کسی کی گرفتاری تاحال عمل میں نہیں آئی ہے۔ پولس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد اسماء بانو کا شوہر اور اُس کی ساس دونوں فرار ہوگئے ہیں۔
خیال رہے کہ حال ہی میں چنتامنی کے ایک محلہ میں ایک بہو کی لاش چھت سے لٹکتی ہوئی پائی گئی تھی، جس کے تعلق سے بتایا گیا تھا کہ اُس نے جہیز کے مطالبے پر تنگ آکر خود اپنے گلے میں پھندا لگاکر خود کشی کرلی ہے۔